خبرنامہ خیبر پختونخوا

حویلیاں حادثہ، 14 سالہ حسینہ نئی مشکل میں گرفتار

چترال: (ملت+اے پی پی) چودہ برس کی حسینہ بی بی نے طیارہ حادثے میں والدین اور چار بہن بھائیوں کو کھو دیا۔ ترجمان پی آئی اے نے تصدیق کی ہے کہ چترال سے حسینہ کے کئی رشتہ داروں نے رابطہ کیا جو بچی کی کفالت کیلئے تیار ہیں۔ غموں سے نڈھال بچی اسلام آباد میں حقیقی چاچا کے ساتھ اپنے عزیز کے گھر مقیم ہے اور تعلیم جاری رکھنے کی خواہش مند ہے۔ حسینہ بی بی کا کہنا ہے کہ وہ یہاں اپنی مرضی سے رہ رہی ہے۔ بچی نے بتایا کہ اس کا ایک چاچا ہے اور اس کے والد کی ایک بہن بھی ہے۔ اس نے کہا کہ وہ صرف پڑھنا چاہتی ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق، حسینہ بی بی کو تین کروڑ تیس لاکھ روپے ملنے ہیں۔ قومی ایئرلائن کا تو یہی دعویٰ ہے کہ رقم مرحومین کے حقیقی ورثاء کو ہی دی جائے گی مگر کیا واقعی ایسا ہو گا اور کیا ارباب اختیار بچی کی کفالت کی ذمہ داری بھی نبھائیں گے؟ یہ ایک سوال ہے جس کا کوئی حتمی جواب دینا ہنوز مشکل ہے۔