خبرنامہ خیبر پختونخوا

حکومت اربوں روپے خرچ کررہی ہے: ڈاکٹر امجد

پشاور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر،اساتذہ کے مسائل حل کرنے اورطلبہ کو بہتر ماحول میں تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے اس لئے اساتذہ کراام اور والدین کو چاہئے کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقبل کے معماروں کو اس قابل بنائیں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں اور چیلنجز سے بہتر طور پر نبرد آزما ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول شموزئی سوات کے دورے کے دوران کیا۔انہوں نے سکول کی مختلف سیکشنوں ، کلاس رومز اور لیبارٹریز کا معائنہ کیا اور ادارے کے پرنسپل ،اساتذہ کرام اور طلبہ سے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے احکامات صادر کئے۔ڈاکٹر امجد علی نے کمپیوٹر لیب میں فراہم کردہ سہولتوں کو سراہا اور اساتذہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن سے اپنی خدمات انجام دینے والے سرکاری اہلکاروں کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی حوصلہ افزئی کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ا نہوں نے طلبہ کو بھی تاکید کی کہ وہ اپنا قیمتی وقت ضائع کئے بغیر حصول علم پر بھرپور توجہ دیں۔