خبرنامہ خیبر پختونخوا

خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لائیں

پشاور (ملت + آئی این پی) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے ویلج اور نبر ہوڈ ناظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی نظام کے نتیجے میں صحت، تعلیم،مواصلات ،آبنوشی اور سینی ٹیشن کے حوالے سے خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لائیں اور نئے بلدیاتی نظام کو مزید مستحکم اور فعال بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔وہ پیر کو پشاور میں نائب امیر جماعت اسلامی ناظم فضل اﷲ کی قیادت میں آل ناظمین ویلج کونسل آرگنائزنگ کمیٹی پشاور کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ،ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ عامر لطیف، اے ڈی بلدیات محمد ریاض، ناظم امان اﷲ،ناظم عالم زیب خان، ناظم ملک مجاہد وغیر ہ نے شرکت کی۔وفد نے سینئر وزیر بلدیات کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کو کیا ۔جن میں فنڈز کی فراہمی ،سافٹ وےئر ،موبائل فون اور انٹرٹینمنٹ چارجز، اعزازیہ میں اضافہ اور بلدیات کے دفتر پشاور کے سٹاف کی ناخوشگوار رویوں کی شکایات شامل تھیں۔عنایت اﷲ نے وفد کے مسائل غور سے سنے اور کہا کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی سے صوبے میں بڑی سیاسی و معاشرتی تبدیلی نظر آرہی ہے لہٰذ ا تمام ناظمین نچلی سطح پر عوامی فلاح و بہبود پر بھرپور توجہ دیں اور ترقیاتی بجٹ کو بلاامتیاز استعما ل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ تمام بلدیاتی ادارے مزید ترقی کریں اور صوبے میں بلدیاتی نظام فعال ہو اور ناظمین احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرسکیں۔عنایت اﷲ نے ناظمین کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ 2013کے قواعد و ضوابط رولز آف بزنس، بجٹ پاس کرانے، ترقیاتی فنڈز کے استعمال و دیگر طریقہ کار کے بارے میں ناظمین کیلئے بنیادی تعلیم و تربیت کی فراہمی یقینی بنائیں اور انہیں ضروری سہولیات بہم پہنچائیں۔انہوں نے چیک اینڈ بیلنس اور مانیٹرنگ سسٹم کے نظام کے وضع کرنے کی بھی خصوصی ہدایت کی ۔