خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخواکے بیشتراضلاع میں بارشیں شروع

پشاور(آن لائن) :پشاور سمیت خیبر پختونخواکے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، سب سے زیادہ بارش پارا چنار میں اٹھائیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔پشاور شہر اور گرد و نواح میں گذشتہ رات سے ہلکی ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ صوبے کے اکثر اضلاع میں بھی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔ بارش کے باعث جاتی ہوئی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ہے،بارش کے بعد خنکی میں اضافے کے باعث لوگوں نے گرم کپڑے پھر سے نکال لئے۔محکمہ مومسیات نے پشاور سمیت صوبے کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پارا چنار میں اٹھائیس،بنوں تیرہ، کاکول پانچ، کوہاٹ چار، ڈی آئی خان تین، پشاور میں دو ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں منفی دو، دیر میں منفی چار،کالام دو اور پشاور میں اٹھائیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔