خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخواہ میں سرجن ٹارچ کی روشنی میں آپریشن کرنےپرمجبور

ڈیرہ اسماعیل خان:(آئی این پی) خیبر پختونخواہ میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے سبب اسپتال انتظامیہ اندھیرے میں آپریشن کرنے پر مجبور ہوگئی، ٹارچوں کی روشنی میں مریضوں کی جراحی کی گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں لوڈ شیڈنگ کے سبب سرجنوں نے 11 آپریشن ٹارچ کی روشنی میں کیے۔ گزشتہ شام سے تاحال بجلی بند ہے اور اسپتال کے جنریٹرز بھی لوڈ شیڈنگ کے آگے شکست تسلیم کرچکے ہیں جس کے سبب اسپتال انتظامیہ یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگئی۔ انتظامیہ کے مطابق مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ انتہائی قدم اٹھا یا گیا ہے اور اس نازک صورتحال میں 11 بڑے اور 5 معمولی نوعیت کے آپریشن کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اورتحقیقات کر یں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو تاحال موصول ہونے والی معلومات کے مطابق بجلی جانے کے بعد جنریٹر نے بھی کام کرنا چھوڑدیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں بجلی جانےکی صورت میں متبادل توانائی کے ذرائع کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے۔