خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم سردہوگیا

لاہور / پشاور (ملت + آئی این پی) خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم سرد ہوگیا ،موسم ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور اسموگ ختم ہو گئی ، وادی نیلم کی بالائی وادی کے علاقے گریز میں رات بھر برف باری جاری رہی جس کے بعد یخ بستہ ہواؤں نے موسم کو مزید ٹھنڈا کردیا ،محکمہ موسمیات نے مزید بادل برسنے کی نوید سنا دی۔خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں ،گجرات اور چکوال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ، لاہور میں بوندا باندی نے خنکی بڑھا دی۔چکوال ،تلہ گنگ، پنڈی پھٹیاں ،ننکانہ صاحب ،ڈسکہ ،حافظ آباد ، کامونکی ،ساہیوال سرگودھا اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں بارش ہوئی جس سے خنکی بڑھ گئی۔ پنجاب کے کئی شہروں میں ہلکی بارش نے موسم کو ایک دم تبدیل کردیا جس پر لاہور کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیاجنہیں اسموگ ختم ہونے کی امیدہوگئی ۔ادھربالائی علاقوں میں بھی سردی بڑھ گئی۔ وادی نیلم کی بالائی وادی کے علاقے گریز میں رات بھر برف باری جاری رہی جس کے بعد یخ بستہ ہواؤں نے موسم کو مزید ٹھنڈا کردیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہے گا۔ کوہاٹ، بنوں ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور ، سرگودھا ، فیصل آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے فاٹا، گلگت بلتستان، کشمیر، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں بھی بارش کی نوید سنائی ۔ فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن میں بھی چند مقامات پر تیز ہواو ں کے ہلکی بارش کا امکان ہے۔