خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا حکومت نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل پاس کر لیا

پشاور: (اے پی پی) خیبر پختونخوا حکومت نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لی۔ بل کے حوالے سے ترامیم پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن نے بائیکاٹ کر دیا تاہم اسپیکر اسد قیصر کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، مشتاق غنی اور محمود خان اپوزیشن کو منا کر ایوان میں واپس لے آئے۔ اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان کا کہنا تھا کہ بل پر وزارت قانون کا اختلافی نوٹ بھی موجود ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی تیاری کے لئے میری سربراہی میں بننے والی کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی بھی شامل تھی اس کمیٹی کی 99 فیصد سفارشات وزیراعلیٰ نے منظور کی ہیں۔ صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام صوبائی حکومت کا کارنامہ ہے جو اپوزیشن سے ہضم نہیں ہو رہا۔ اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے جمعہ کے روز افغان مہاجرین کے انخلاء پر بحث کے لئے مخصوص کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے پارٹی موقف واضح کرنے اور اجلاس میں آئی جی پولیس یا کسی اعلیٰ شخصیت کو بھی شرکت کی ہدایت کی ہے۔ تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی زرین ضیاء کی بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کے یوم وفات 8 جولائی کو نیشنل چیئریٹی ڈے کے طور پر منانے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی۔