خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا میں پولیو سےمتاثرہ افراد کی تعداد 9 ہوگئی

پشاور: (ملت+اے پہی پی) خیبرپختونخوا میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا، رواں سال صوبے میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 9 ہو گئی ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں پولیو کا نیا کیس سامنے آیا ہے، ضلع کوہستان کے علاقے داسو کے رہائشی عبدالواحد نامی شخص کی 9 ماہ کی بیٹی سعدیہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ نئے کیس کے بعد خیبر پختونخوا میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 9 جبکہ ملک بھر میں یہ تعداد 17 تک جا پہنچی ہے ۔ رواں سال خیبرپختونخوا میں 9 ، فاٹا میں دو، سندھ میں 5 اور بلوچستان میں ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ رواں سال پولیو سے متاثرہ ہونے والے خیبر پختونخوا کے اضلاع کی تعداد 6 ہے جن میں سب سے زیادہ بنوں سے تین ، کوہستان سے دو اور نوشہرہ، پشاور، ہنگو، اور ڈی آئی خان سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے ۔