خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا پولیس آج یوم شہدا منارہی ہے

خیبرپختونخوا :(اے پی پی) خیبرپختونخوا پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج کے دن کو خیبرپختونخوا پولیس بطور یوم شہدا منارہی ہے، صوبے میں قیام امن کے لئے پولیس نے ہمیشہ فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا اور ان کی لازوال قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ کمانڈنٹ ایف سی صفت غیور، سی سی پی او پشاور ملک محمد سعد، ڈی آئی جی عابد علی، ایس پی ہلال حیدر، ایس پی عبدالکلام، ایس پی اقبال مروت، ایس پی خورشید خان کئی ڈی ایس پیز اور شہید ہونے والے پولیس کے سینکڑوں جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں پولیس کے 1200 اہلکار دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ شہید ہونے والوں میں ایڈیشنل آئی جی پی سے لے کر کانسٹیبل رینک تک کے افسر اور اہلکار شامل ہیں۔ ان شہداء کے نام سے پولیس لائنز ،کئی تھانے، چوکیاں اور شہر کے اہم چوک اور پل منسوب ہیں جس کے شہری معترف ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر ناممکن کو ممکن بنایا ہے اور خودکش حملے بھی روکے ہیں۔ ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعائیہ تقاریب منعقد کی جائے گی۔