خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا کا 505 ارب روپے کا بجٹ پیش

پشاور: (اے پی پی) صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ بدعنوانی اور بد انتظامی کا خاتمہ ہماری ترجیج ہے۔ تین سال میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کی گئیں اور متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔ صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سیلز ٹیکس میں اضافے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ سٹیمپ پیپر اور سٹیمپ ڈیوٹی میں بھی اضافے کی تجویز بجٹ دستاویزات کا حصہ ہیں۔ الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی شرح میں اضافے جبکہ انتقالات پر فیس کی شرح دو فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اخراجات جاریہ کیلئے 334 ارب روپے مختص جبکہ تعلیم کیلئے گیارہ ارب باون کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔ بجٹ میں 102 ارب روپے ابتدائی وثانوی تعلیم اور 9 ارب اعلیٰ تعلیم کیلئے مختص، صحت کیلئے 38 ارب اور سماجی بہبود وخصوصی تعلیم کیلئے ایک ارب 69 کروڑ روپے مختص کئے گے ہیں۔ پولیس کیلئے 32 ارب 94 کروڑ اور آبپاشی کیلئے 3 ارب 42 کروڑ روپے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ فنی تعلیم وافرادی قوت کیلئے ایک ارب 97 کروڑ روپے ، کھیل وثقافت کیلئے دس کروڑ اور زراعت کیلئے 80 کروڑ روپے تجویز کئے گئے ہیں۔ مواصلات وتعمیرات کیلئے 3 ارب 20 کروڑ جبکہ پنشن کیلئے 40 ارب 90 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بجٹ 2016- 17 میں گاڑیوں کے سالانہ ٹیکس کی شرح میں ردوبدل اور من پسند نمبر لینے والے افراد کیلئے قانون میں ترمیم کی تجویز کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود کیلئے 20 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی اور خوب شور شرابہ کیا۔ اپوزیشن اراکین نے بجٹ نامنظور، بجٹ نامنظور کے نعرے لگائے۔