خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبر ایجنسی: امن لشکر کا سربراہ خودکش حملے میں محفوظ رضا کار شہید

خیبر ایجنسی:(اے پی پی) قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں امن لشکر کے سربراہ پر خودکش حملے میں ایک رضاکار شہید ہو گیا تاہم حملے میں لشکر کے سربراہ محفوظ رہے جبکہ پاراچنار شہر میں تباہی پھیلانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور 18 کلو وزنی 2راکٹ برآمد کرکے ناکارہ بنا دئیے گئے اور ایک دہشت گرد سمیت16افراد گرفتار کر لئے گئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق اتوار کی صبح لنڈی کوتل تحصیل کے دور افتادہ علاقے بازار زخہ خیل میں خودکش حملہ آوار بازار زخہ خیل امن کمیٹی کے سربراہ بلال کے حجرے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھاکہ اس دوران اس نے خود کو دھماکہ سے اڑا دیا جس سے ایک رضاکار شہید ہو گیا تاہم حملے میں امن لشکر کے سربراہ محفوظ رہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ امن لشکر کے رضاکاروں نے ایک مشکوک شخص کو حجرے میں داخل ہوتے وقت ان پر فائرنگ کردی جس سے ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے خِودکش جیکٹ پہن رکھی تھی اور ان کا ہدف امن کمیٹی کے سربراہ تھے۔ علاوہ ازیں پاراچنار شہر میں تباہی پھیلانے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 18 کلو گرام وزنی 2 خطرناک میزائل ناکارہ بنا کر ایک دہشتگرد سمیت 16 افراد گرفتارکرلئے گئے جبکہ2 بم دھماکوں کے نتیجے میں متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔