خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا اسمبلی میں شادی بیاہ میں بے جا اخراجات سے متعلق بل منظور

خیبر پختونخوا اسمبلی میں شادی بیاہ میں بے جا اخراجات سے متعلق بل منظور

پشاور:(ملت آن لائن) خیبر پختونخوا اسمبلی میں شادی بیاہ میں بے جا اخراجات اور نمائشی تقاریب سے متعلق بل منظور کرلیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر مہر تاج روغانی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں شادی بیاہ کی تقاریب سے متعلق بل منظور کیا گیا، جسے جماعت اسلامی کی رکن راشدہ رفعت نے پیش کیا۔ نئے قانون کے تحت شادی کے کھانوں میں سالن، چاول، روٹی اور سویٹ ڈش شامل ہوگی جبکہ منگنی، مہندی اور نکاح میں مہمانوں کو صرف مشروبات پیش کیے جا سکیں گے۔
جہیز 50 ہزار مالیت سے زیادہ نہیں دیا جائے گا: سندھ کابینہ کا مجوزہ بل
بل کے تحت شادی کی تقاریب میں لاؤڈ اسپیکر صرف چاردیواری کے اندر استعمال ہوگا اور گھروں، گلیوں کو سجانے اور برقی قمقموں سمیت آتش بازی اور فائرنگ پر بھی پابندی ہوگی۔ نئے قانون کے تحت دلہن کو والدین یا خاندان کی جانب سے دیئے جانے والے تحائف کی مالیت ایک لاکھ روپے سے زائد نہیں ہوگی جبکہ رات 11 بجے کے بعد شادی کی تقریب کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ بل کے مطابق قانون کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے جرمانہ اور 3 ماہ قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں جبکہ جہیز کا مطالبہ کرنے پر 3 لاکھ روپے جرمانہ اور 2 ماہ قید یا دونوں سزائیں ہو سکیں گی۔