خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا :منتخب ناظمین ، کونسلروں کا انوکھااحتجاج

پشاور:(آئی این پی) خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے منتخب ناظمین اور کونسلروں نے اختیارات اور وسائل کے حصول کے لئے پشاور میں صوبائی اسمبلی کے باہر دھرنا دیا ہے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کے ساتھ انوکھااحتجاج۔صوبے کے جنوبی اضلاع بنوں، کرک، لکی مروت، ہنگو، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور ٹانک سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندے خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر جمع ہوئے اور دھرنا دیا۔مظاہرے کی قیادت پیپلز پارٹی کے ایم پی اے فخر اعظم وزیر کررہے تھے۔بلدیاتی نمائندوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ اور اپنے انوکھے احتجاج کو صوبائی حکومت کے خلاف اعلان جنگ قرار دیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے تنخواہوں سمیت مراعات دینے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ مگر انتخابات کو سات ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود وعدے پورے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حقوق کے حصول تک ان کا دھرنا جاری رہے گا۔