خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا پولیس کا صوبہ بھر میں جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کیخلاف آپریشن

پشاور (ملت + آئی این پی) قائمقام انسپکٹر جنرل آف پولیس خبیر پختونخوا سید اختر علی شاہ کی خصوصی ہدایت پرخیبر پختونخوا پولیس نے صوبہ بھر میں جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کے خلاف جاری سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران مختلف کاروائیوں میں پچھلے تین دنوں کے دوران 601 مشتبہ افراد کوگرفتار کرکے ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ و ہتھیار برآمد کر لیاہے۔تفصیلات کے مطابق صوبے کے مختلف حصوں میں جاری آپریشن کے دوران 122 عددمختلف نوعیت کا اسلحہ اورمختلف بور کے1497 کارتوس برآمدکیے گئے۔ جبکہ آپریشن کے دوران1588گھروں اور 602ہوٹلوں کو چیک کیاگیا۔اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف73 مقدمات درج کیے گئے۔ صوبہ بھر میں620 پوائنٹس پراچانک چیکنگ (Snap Checking)کے دوران1191مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اُن کے قبضہ سے80عدد مختلف نوعیت کا اسلحہ اور مختلف نوعیت کے1703عدد کارتوس برامد کی گئی۔ اسی طرح لاوڈ سپیکروں کے غیر قانونی استعما ل پر23افراد گرفتار کئے گئے جبکہ22لاوڈ سپیکر قبضے میں لے لئے گئے۔ اور 23مقدمات درج کئے گئے۔اسی طرح صوبہ بھرمیں 1511 تعلیمی اداروں کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیااور متعدد تعلیمی اداروں کو سیکورٹی سے متعلق ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔