خبرنامہ خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت میں تبدیلی ، بیرون ممالک سے 20سینئر ڈاکٹرز خدمات سر انجام دینے وطن واپس آگئے

پشاور (ملت آن لائن ) خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت میں تبدیلی آگئی ، بیرون ممالک سے 20سینئر ڈاکٹروں نے وطن واپس آکر خدمات سرانجام دینا شروع کر دیں ۔ پاکستان میں مناسب تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے یورپ اور خلیجی ممالک میں خدمات سرانجام دینے والے 20سینئر ڈاکٹر وطن واپس آگئے جنہوں نے پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ملازمتیں اختیار کر لیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سمیت یورپ سے واپس آنے والے ڈاکٹروں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دینا شروع کر دی ہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلد مزید ڈاکٹروں کو بھرتی کیا جائے گا تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔بیرون ممالک سے ملازمتیں چھوڑ کر پاکستان واپس آنے والے سینئر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ۔