خبرنامہ خیبر پختونخوا

درخت لگا کر گرین خیبر پختونخوا کا خواب شرمندہ تعبیر کریں ‘محمدعلی اصغر

کوھاٹ -( اے پی پی )موسم بہار شجرکاری مہم کا ایف آر درہ آدم خیل میں آغاز‘ ایف آر اے پی اے آفس میں چنار کا پودا لگا کر محمد علی اصغر نے مہم کا افتتاح کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آر درہ آدم خیل میں موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ محمد علی اصغر نے اے پی اے آفس میں چنار کا پودا لگا کر کیا افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر اورکزئی شیخ امجد علی‘ رینج آفیسر رحیم خان‘ تحصیلدار نعمان‘ فارسٹ گارڈز عابد اللہ‘ سیف اللہ اور دلاور بھی موجود تھے پودا لگانے کے بعد اے پی اے ایف آر محمد علی اصغر نے خطاب کے دوران شرکار پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر گرین خیبر پختونخوا کا خواب شرمندہ تعبیر کریں کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ بھی ہے اور ان سے ماحول بھی خوشگوار ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ درخت انسانوں کو سایہ اور جانوروں کو خوراک مہیا کرنے کے ساتھ آکسیجن بنانے کی فیکٹریوں کا کام بھی کرتے ہیں جہاں درخت زیادہ ہوں وہاں کا ماحول صاف اور خوب صورت رہتا ہے اور ذہنوں کو تازگی فراہم ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ ہر محلہ ہر گاؤں اور ہر جگہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر قومی فریضہ ادا کریں اور درخت کی حفاظت کا فریضہ بھی انجام دیں۔