خبرنامہ خیبر پختونخوا

درپیش مسائل ریپڈبس ٹرانزٹ کی تکمیل سے حل ہو جائیگا

پشاور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ پشاور میں بڑھتی ہوئی آبادی اور زیادہ ٹریفک کی وجہ سے درپیش ٹریفک کا مسئلہ موجودہ صوبائی حکومت کے انقلابی منصوبے ریپڈبس ٹرانزٹ کی تکمیل سے حل ہو جائے گا اور شہر میں عوام کو اس جدید منصوبے کی بدولت اعلیٰ معیار کی بہترین سفری سہولیات بھی فراہم ہوں گی۔انہوں نے تاجر برادری کے خدشات دور کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مذکورہ منصوبے کے سلسلے میں تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر ہی پلان تشکیل دیا گیا ہے اور کسی کی دوکان یا پلازہ کو نہیں گرایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں تاجر برادری کے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔تاجر برادری کے وفد نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کو اپنے درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا اورخصوصی طور پر ریپڈبس ٹرانزٹ منصوبے میں ان کے کاروباری مراکز کو نقصان پہنچنے کے اندیشے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ منصوبہ صوبائی دارالحکومت کی ترقی و خوشحالی کا ایک عظیم منصوبہ ہے جس سے شہر میں آمدو رفت کے موجودہ مسائل کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے پلان میں تاجر برادری کی دکانات اور دیگر کاروباری مراکز کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے بھی حتمی میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پشاور شہر صوبے کا دارالخلافہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک تاریخی شہر ہے جس کی خوبصورتی پورے صوبے کی خوبصورتی ہے لہذا اس کی پرانی رونقوں کو بحال کرنے کے سلسلے میں ریپڈ بس منصوبہ ایک اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر تاجر برادری نے ان کے خدشات دور کرنے پر معاون خصوصی اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس موقع پر مذکورہ منصوبے کے روٹ اور نقشے کے بارے میں تاجروں کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔