خبرنامہ خیبر پختونخوا

دفاع پاکستان کونسل نے ہمیشہ دین کا دفاع کیا، پرویز خٹک

دفاع پاکستان کونسل نے ہمیشہ دین کا دفاع کیا، پرویز خٹک

پشاور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جب بھی دین کے خلاف کسی نے بات کی دفاع پاکستان کونسل نے دین کا دفاع کیا۔ پرویز خٹک نے پشاور میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت نے دین کی خدمت کی ہے، تحریک انصاف نے دین کے لیے جو کام کیا وہ کسی کی سوچ میں بھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے لوگوں کی سہولیات کے لیے کام کیے اور دین کی بھی خدمت کی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے مساجد میں شمسی سسٹم لگانا شروع کیا اور خطیبوں کیلیے تنخواہیں بھی مقرر کیں۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ لوگوں کو سہولیات مہیا کریں۔ جلسے سے مولانا سمیع الحق اور دفاع پاکستان کونسل کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ ’تحریک انصاف نے نیشنل ایکشن پلان کو عملی طور پر دفنا دیا‘ دوسری جانب دفاع پاکستان کونسل کے جلسے میں پرویز خٹک کی شرکت پر عوامی نیشنل پارٹی نے اعتراض کردیا۔ ترجمان زاہد خان نے کہا کہ آج پاکستان تحریک انصاف نے نیشنل ایکشن پلان کو عملی طور پر دفنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جماعت ماضی میں وفاقی وزیر داخلہ پر اعتراض کرتی رہی ہے، عمران خان بتائیں پرویز خٹک نے دفاع پاکستان کے جلسے میں تقریر کیوں کی؟