خبرنامہ خیبر پختونخوا

دوکےعلاوہ تمام سیاسی جماعتیں فاٹا اصلاحات کےحق میں ہیں:امیرحیدرہوتی

دو کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں فاٹا اصلاحات کے حق میں ہیں:امیرحیدرہوتی
سلام آباد(ملت آن لائن) سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اوررکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے ڈیڈ لاک درست نہیں‘ دو سیاسی جماعتوں کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں اس کے حق میں ہیں عمران خان 2014ء میں انتخابات چاہتے تھے، ٹیکنو کریٹ حکومت کی باتیں حقائق کے خلاف ہیں سابق وزیراعظم نواز شریف کے اور ان کے خاندان کے نام پاناما میں آئے جو مقدمات کا سامنا کررہے ہے لیکن باقی لوگوں کے خلاف کچھ نہیں کیا گیا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے ڈیڈ لاک سے خطرات پیدا ہوں گے‘ جمہورت میں فیصلے اتفاق رائے سے کئے جاتے ہیں مگر ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام سیاسی جماعتیں قومی ایشوز پر اکٹھی بیٹھی ہیں جو ملک کی تعمیر ترقی کے لئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف دو سیاسی جماعتوں کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں فاٹا اصلاحات پر متفق اور ایک پیج پر ہیں، حکومت اس حوالے سے عوام کو جوابدہ ہے۔ امیر حیدر خان نے کہا کہ عمران خان کی خواہش تھی کہ 2014ء میں عام انتخابات کرائے جائیں وہ ہر وقت قبل از وقت انتخابات کی باتیں کرتے ہیں تاکہ انتخابات کے بعد وزیراعظم بن جائیں مگر ایسا ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا، وزیر اعظم بننے کی ان کی خواہش خواہش ہی رہے گی۔ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ حکومت بنائے جانے کا کوئی امکان نہیں ایسی تمام باتیں حقائق کے خلاف ہیں اداروں کے خلاف ٹکراؤ درست نہیں اور نہ ہی تنقید درست ہے۔ ہمیں قومی اداروں کے حوالے سے بیانات دینے سے گریز کرنا چاہئے۔