خبرنامہ خیبر پختونخوا

ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل سے پشاور کے عوام کو درپیش مسائل سے بڑی حد تک چھٹکارہ مل جائیگا، شاہ محمد

پشاور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ جدید طرز کے ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل سے پشاور کے عوام کو درپیش آمدو رفت کے مسائل سے بڑی حد تک چھٹکارہ مل جائے گا اور منصوبے کے بارے میں تاجر برادری کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے ان کا بھرپور تعاون حاصل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریپڈ بس ٹرانزٹ پشاور کے حوالے سے تاجر برادری کے نمائندہ وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پشاور اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے 1.56بلین روپے کی خطیر رقوم سے ترقیافتہ ممالک کے منصوبوں کی طرز پر جدید ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبہ چمکنی سے حیات آباد تک تعمیر کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لئے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے ا ور تاجر برادری سے بھی اس سلسلے میں مشاورت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عوامی ضرورت کے اہم منصوبے کے بارے میں یہ پروپیگنڈہ غلط ہے کہ اس کی تعمیر کے لئے دکانات اور مکانات یا پلازے گرائے جائیں گے انہوں نے واضح کیا کہ کسی پرائیویٹ عمارت کو نہیں گرایا جائے گا بلکہ مشاورت کے ساتھ تمام امور طے کئے جائیں گے۔معاون خصوصی نے تاجر برادری کے وفد کے مسائل پوری توجہ سے سنے اور ترجیحی بنیادوں پر ان کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مذکورہ منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ ملاقات کی جائے گی اور ان کی ہدایت کی روشنی میں اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔اس موقع پر مذکورہ پراجیکٹ ڈائریکٹر سجاد خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ یہ منصوبہ شہریوں کی ضرورت اور سہولت کا اہم منصوبہ ہے جس سے پشاور کے عوام کو کم کرائے میں اعلیٰ معیار کی آرام دہ سفری سہولت میسر ہوگی۔