خبرنامہ خیبر پختونخوا

زیراعلیٰ پرویز خٹک کا دورہ لورا چوک سے ضلع بھر کی محرومیوں کے خاتمہ میں مدد ملے گی‘ حزب اﷲ خان

ہری پور ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) ممبر تحصیل کونسل حزب اﷲ خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک کا دورہ لورا چوک سے ضلع بھر کی محرومیوں کے خاتمہ میں مدد ملے گی، اربوں روپے کے فنڈز کے اعلان سے ضلع ہری پور ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہو گا، یونین کونسل کھولیاں بالا کے عوام کا گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر یوسف ایوب خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورہ چوک کے مقام پر وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک کے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ضلع ہری پور کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں یوسف ایوب خان کی شکل میں اچھا لیڈر ملا، یوسف ایوب خان نے جس طرح ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کا بیڑا اٹھایا پورے صوبہ میں اس کی مثال نہیں ملتی، وزیر اعلیٰ کو ہری پور دعوت دیکر ہری پور کیلئے بڑے ترقیاتی پیکیج حاصل کئے گئے جس سے ہری پور ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہا یونین کونسل کھولیاں بالا اور اس سے ملحقہ درجنوں دیہات کا دیرینہ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کا مطالبہ پورا کر کے ہزاروں عوام کے دل جیت لئے ہیں جس پر کھولیاں بالا کے عوام ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔