خبرنامہ خیبر پختونخوا

سانحہ اے پی ایس کی یاد میں ملک بھر میں تقاریب

پشاور/لاہور/اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سانحہ اے پی ایس کو دو سال بیت گئے لیکن ننھے پھولوں کو کوئی نہیں بھولا۔ گزرنے والا وقت بھی یہ گہرے گھاؤ نہیں بھر پایا۔ آرمی پبلک سکول پشاور میں شہداء کی یاد میں پاک فوج کے زیراہتمام تقریب منعقد ہوئی۔ عزم و ہمت کی پیکر مائیں پرنم آنکھوں کے ساتھ تقریب میں شریک تھیں۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے اے پی ایس یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور سلامی دی۔ فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ پشاور شہر ننھے شہداء کی یادوں سے سجا رہا۔ شہر میں جگہ جگہ جنت کے پھولوں کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔ رات کو شمعیں روشن کی گئیں۔ اسلام آباد میں میلوڈی چوک پر سول سوسائٹی کے نمائندوں نے سانحہ اے پی ایس کی دوسری برسی کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر بھی سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شہداء کی یاد میں شمیعیں روشن کیں اور دعا کی۔ لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر میں متعدد مقامات پر شہدائے اے پی ایس کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور ان کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔