خبرنامہ خیبر پختونخوا

سانحہ مردان کے خلاف وکلاء کی ملک گیر ہڑتال

سانحہ مردان:(اے پی پی) کے خلاف ملک بھر میں وکلاء کی جانب سے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے جس کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔ مردان ضلع کچہری میں ہونے والے خود کش حملے کے باعث سندھ بار کونسل کی اپیل پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے تمام مقدمات کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔ وکلاء کی ہڑتال کے باعث صوبے بھر میں عدالتی بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ وکلا کی ہڑتال کے باعث ڈاکٹر عاصم، انیس قائم خانی اور روف صدیقی کی درخواست ضمانت کی سماعت نہ ہو سکی، تینوں ملزمان دہشت گردوں کے علاج کے مقدمے میں جیل میں ہیں۔ اس کے علاوہ ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا معاملہ بھی غیر معینہ تک ملتوی ہو گیا۔ سندھ کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی وکلاء کی ہڑتال کے باعث سیکڑوں مقدمات کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔