خبرنامہ خیبر پختونخوا

سوات میں 3ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، ڈاکٹر امجد علی

پشاور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے82- سوات میں 3ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ جن کی تکمیل سے عوام خوشحالی محسو س کریں گے اور بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے۔یہ بات انہوں نے زرہ خیلہ حلقہ پی کے82-میں نکاسی آب کے ایک بڑے منصوبے اور راستوں کی پختگی کی سکیموں کے معائنہ کے دوران عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جن پر تقریباً 30لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ مذکورہ سکیموں کی تکمیل علاقے کے عوام کی دیرینہ ضرورت تھی لیکن ماضی کے منتخب نمائندوں نے چشم پوشی اختیار کئے رکھی او ر کسی بھی حکومت کے دور میں اس جانب توجہ نہیں دی گئی۔ جس کے باعث گندے پانی کے تالابوں اور پانی کے گھروں میں داخل ہونے کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا تھا۔معاون خصوصی نے کہا کہ جو وعدے انہوں نے انتخابات کے دوران عوام سے کئے تھے انہیں وہ ایک ایک کرکے پورا کررہے ہیں اور تین ارب روپے کے ترقیاتی کام اس بات کا عملی ثبوت ہیں اور آئندہ ڈیڑھ سال میں مزید اربوں روپے کے منصوبے شروع ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی غریب اور پسماندہ طبقوں کی نمائندہ جماعت ہے اور صوبائی حکومت ان کے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے۔اس موقع پر معززین نے علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔