خبرنامہ خیبر پختونخوا

سٹیشنری کی مد میں بچت ، کے پی کے اسمبلی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ

پشاور:(اے پی پی)خیبرپختونحوا اسمبلی نے سٹیشنری کی مد میں بچت کے لئے اسمبلی کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا ۔ اسمبلی ہال میں ایم پی ایز کیلئے 130سے زائد کمپیوٹر نصب کر دیئے گئے ۔ ارکان اسمبلی صرف ایک کلک پر تمام ریکارڈ دیکھ سکیں گے ۔۔۔خیبرپختونخوا اسمبلی اپنا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے والی ایشیا کی پہلی اسمبلی بن گئی ۔ تبدیلی کانعرہ لے کر برسراقتدار آنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی تبدیلی لے آئی ۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا نظام مکمل طور پر کمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے ۔ اسمبلی ہال میں ایم پی ایز کیلئے 130 سے زائد کمپیوٹر نصب کردیئے گئے ہیں جن پر وہ صرف ایک کلک کے ذریعے جاری سیشن کا ایجنڈا ، وقفہ سوالات ، بل ، قراردادیں اور دیگر امور کی تفصیلات حاصل کرسکیں گے ۔ اسمبلی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے سے جہاں ایم پی ایز کو بآسانی ریکارڈ تک رسائی حاصل ہوگی وہیں سٹیشنری کی مد میں لاکھوں روپے کی بچت بھی ہوگی ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کے اہلکاروں کو کمپیوٹرائزڈ نظام چلانے کیلئے باقاعدہ تربیت بھی دی گئی ہے ۔ سیکرٹریٹ کے اہلکاروں کے بعد اب ارکان اسمبلی کو بھی کمپیوٹر کے ذریعے ریکارڈ چیک کرنے اور دیگر امور کو دیکھنے کی تربیت دی جائے گی ۔ صوبائی اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری عطاء اللہ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونحوا اسمبلی ایشیا کی پہلی اسمبلی بن گئی ہے جس کا تمام نظام ڈیجیٹل ہے ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے کمپیوٹرائزڈ نظام کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ پرویز خٹک آئندہ سیشن شروع ہونے پر کریں گے ۔