خبرنامہ خیبر پختونخوا

سپریم کورٹ کا 3 روز میں کراچی سے تمام بل بورڈ اور بینرز ہٹانے کا حکم

کراچی (ملت + آئی این پی) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بل بورڈ اور ہورڈنگز کے خلاف کیس کی سماعت جمعرات کو ہوئی، سماعت کے دوران عدالتی حکم کے باوجود بل بورڈ دوبارہ لگنے پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دئیے کہ عدالتی حکم کے باوجود دوبارہ بل بورڈ لگانے شروع کردئیے گئے ہیں، جسٹس فائز عیسی نے ریمارکس دئیے کہ سندھ ہائی کورٹ اور سیکریٹریٹ کے سامنے حکم کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، جس پر ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ بل بورڈ ہماری حدود میں نہیں لگے ، ڈی ایچ اے نے لگائے ہوں گے۔عدالت اعظمی نے تمام ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ شہر میں 3 روز کے اندر تمام بل بورڈ ز ، ہورڈنگ یہاں تک کے بجلی کے کھمبوں پو اشتہاری مواد کو بھی بنا کر رپورٹ پیش کی جائے ، اگر حکم پر عمل نہ ہوا تو توہین عدالت کی کارروئی شروع کی جائے گی اور جن کمپنیوں کے بل بورڈ اور بینرز لگے ہیں ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔