خبرنامہ خیبر پختونخوا

سی پیک کے حوالے سے تحفظات کو دور کرنے سے ہی صوبے میں ترقی وخوشحالی ممکن ہو گی: عنایت

پشاور(ملت + آئی این پی) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے عوام کے جائز تحفظات کو دور کرنے ہی سے صوبے میں ترقی وخوشحالی ممکن ہو سکے گی اور اس مقصد کیلئے مخلوط صوبائی حکومت حتیٰ المقدور کوششیں کرے گی۔صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے سیاسی قوتوں کا متحد ہونا صوبے کے بہترین مفاد کیلئے نیک شگون ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں سی پیک کے حوالے سے �آل پارٹیز کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر جو کہ آل پارٹیز کانفرنس کے کوآرڈینیٹر بھی تھے نے کہا کہ سی پیک اس خطے کی صورتحال میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس سے معاشی و اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور تجارتی سرگرمیوں میں حقیقی معنوں میں اضافہ ممکن ہوگا جس سے صوبے کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جس میں تعلیم یافتہ اور با صلاحیت نوجوان کی کثیر تعداد موجود ہے مگر سی پیک کے حوالے سے وفاق کی عدم توجہی سے انکی محرومیوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے لہذا ان محرومیوں کے ازالہ کے لئے خیبر پختونخواکو مکمل طور پر سی پیک کے ثمرات سے نوازا جائے ۔سینئر صوبائی وزیر نے سی پیک کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی شرکت اور صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے مفید تجاویزپیش کرنے کوسراہتے ہوئے شرکاء کانفرنس کا خصوصی شکریہ اداکیا۔