خبرنامہ خیبر پختونخوا

شانگلہ ،کوئلہ کی کان میں حادثہ ، 4مزدور جاں بحق

الپوری(ملت + آئی این پی)شانگلہ میں کوئلہ کی کان میں حادثہ ، 4مزدور جاں بحق ، ایک شدید زخمی ہوگیا ہے،جا ں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ کے تحصیل الپوری کے نواحی علاقہ پیر آباد بانڈہ کے رہائشی محنت مزدور ی کیلئے چراٹ اورکزئی گئے تھے،جہاں پر گزشتہ روز دو مختلف حادثوں میں چار کان کن جان بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے،چراٹ کوئلہ کان حادثہ رسی ٹوٹنے سے پیش آیا،حادثے میں جان بحق تین میں سے دو سگے بھائی تھے،چراٹ کوئلہ کان حاد ثہ میں گل ہمیش ولد محمد شیرین۔عمر گل ولد محمد شیرین ۔گل محمد ولد گل صنبرجان بحق ہوئے جبکہ محمدحسین ولد بخت زیب شدید زخمی ہوئے ہے،زخمی محمدحسین کو علاج معالجے کیلئے پشاور ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔چراٹ کوئلہ کان حاد ثہ میں جان بحق تین افراد کے نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ادھر اورکزئی ایجنسی میں بھی شانگلہ کے اسی گاؤں سے تعلق رکھنے والے اکبردین بھی چھت گرنے سے جان بحق ہوگیا جس کی میت کو بھی ابائی علاقہ پہنچانے کے بعد سپرد خاک کردیا گیا ہے۔شانگلہ کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے واقعے پر شدید افسوس اور غم کا اظہار کیا ہے۔