خبرنامہ خیبر پختونخوا

شاہراہوں کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے ہیں: محمود خان

پشاور (ملت + آئی این پی) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل، ثقافت،آثار قدیمہ اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں دیگر شعبوں کی طرح سڑکوں اور شاہراہوں کی بہتری اور اصلاح کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے ہیں کیونکہ مواصلات کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں کلیدی حیثیت ادا کرتے ہیں۔وہ پیر کو یونین کونسل بیدرہ مٹہ سوات میں سورے تنگے روڈ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔تقریب میں پی ٹی آئی کے رہنما اختر خان کے علاوہ معززین علاقہ نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت مختلف فلاحی و سماجی تنظیموں کی وساطت سے عوام کی فلاح و بہبود کے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ حلقہ نیابت کی پسماندگی دور کرنے اور اس میں بسنے والے لوگوں کو دور جدید کے تمام تر آسائشیں فراہم کرنے کیلئے تقریباً 12ارب روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھاگیا ہے جن میں سڑکوں ،پلوں ،طبی و تعلیمی اداروں کی تعمیر و بحالی ،سیلاب سے بچا? کی حفاظتی پشتے ،ایریگیشن چینلز اورآبنوشی وغیرہ کے منصوبے شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے انتخابات کے موقع پر عوام سے جو وعدے کئے تھے، ایک ایک ایفا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے دیدہ دانستہ طور پر اس علاقے کی تعمیر و ترقی اورعوام کے مسائل و مشکلات حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی محرومیوں میں مسلسل اضافہ ہوتارہا تاہم اس کے برعکس موجودہ دور میں بلا امتیاز صوبے کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔محمود خان نے کہا کہ بعض نام نہاد سیاستدانوں کو تعصب کی عینکیں پہننے کی وجہ سے حلقہ نیابت میں اربوں روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبے نظر نہیں آرہے ہیں دراصل یہی لوگ علاقے کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے لیکن انشاء اللہ ہم علاقے کو مزید ترقی دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔قبل ازیں انہوں نے تختی کی نقاب کشائی کرکے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔