خبرنامہ خیبر پختونخوا

شعبہ صحت میں ریسرچ اورمعیار پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے

پشاور (ملت آن لائن + آئی این پی) گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ شعبہ صحت میں ریسرچ اورمعیار پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں موجودہ حکومت شعبہ صحت کی بہتری اورمعیاری ریسرچ اور تعلیم کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔وہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور میں صحت کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔کانفرنس میں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمدحفیظ اللہ ،پرنسپل خیبر کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول اورقومی وبین الاقوامی ماہرڈاکٹرز اورشعبہ طب سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے شعبہ صحت میں جدید تحقیق کے حوالے سے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ طب کے شعبے میں جدید تحقیق سے مختلف امراض کی تشخیص میں مدد مل رہی ہے ۔ گورنرنے اس امرپر بھی زوردیا کہ ڈاکٹروں کو بہترین علاج معالجے میں مہارت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ طب میں جدید تحقیق سے بھی آگاہی حاصل کرناہوگی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات اورجدید سائنسی دور میں اس طرح کے سیمیناراورکانفرنسزکاانعقاد ایک خوش آئند امرہے اور اس ضمن میں منتظمین کے کردار اور کاوشوں کو سراہا۔ گورنرنے اس موقع پرقومی اوربین الاقوامی ڈاکٹرزکو شیلڈزبھی دیے۔