خبرنامہ خیبر پختونخوا

شمالی علاقوں میں برف اور برفانی ہواؤں کا راج

ہر سو سفیدی،:(ملت+اے پی پی) دلکش نظارے، برف پوش پہاڑ، ملکہ کوہسارمری ،گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاحوں نے مری کا رخ کرلیا ہے جبکہ سیاحتی مقام گلیات میں شدید برف باری اور تیز ہواؤں کی وجہ سے بجلی کے کھمبے اور درخت گرگئے، سیاحوں کو کاغان سے آگے جانے سے روک دیا گیا ہے۔ برف سے ڈھکے پہاڑ، چوٹیاں اور گلیوں کے دلکش نظارے دیکھنے والوں کو سحر زدہ کررہے ہیں، پہاڑوں کو چھو کر آنے والی یخ بستہ ہوائیں سردی کی شدت کو مزید بڑھا رہی ہیں۔ ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام گلیات میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے،تیز ہواؤں سےبجلی کے کھمبے اور درخت گرگئے ہیں۔ ناران، کاغان اور شوگران میں مسلسل برف باری کی وجہ سے ناران جانے والی شاہراہ بند ہو چکی ہے، ممکنہ خدشات کے پیش نظر سیاحوں کو کاغان سے آگے جانے سے روک دیا گیا ہے۔ اسکردو ، دیامر، غذر، استور، ہنزہ نگر میں برف باری کے باعث بالائی علاقوں کے زمینی رابطہ منقطع ہوگئے ہیں، مقامی لوگوں کے لیے مشکلات شروع ہوگئی ہیں۔ چترال کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لواری ٹنل میں ڈیڑھ فٹ اور ٹاپ پر 5 فٹ تک برف پڑچکی ہے۔ کالام ،مالم جبہ اور اپر ہزارہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، لوئر دیر میں طویل وقفے کے بعدپہاڑوں نے سفید چادر اوڑھی تو برف باری دیکھنے کیلئے لوگوں نے بھی پہاڑوں کا رخ کرلیا ہے۔ پاراچنار میں موسم سرما کی پہلی برف باری نے موسم کو ٹھنڈاور خوشگوار کردیا ہے ۔ ادھر آزاد کشمیر میں وادی گریز میں تین سے چار فٹ تک برف پڑنے سے کیل سے بالائی وادی نیلم،گریز کیلئے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بندہے۔