خبرنامہ خیبر پختونخوا

صوبائی حکومت کو عوام کے مسائل کا احساس ہے: سکندر حیات خان

پشاور(ملت + آئی این پی)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی اور قومی وطن پارٹی کے چیئرمین سکندر حیات خان شیر پا? نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو عوام کے مسائل کا بھرپور احساس ہے اور ان کے حل کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔انہوں نے قومی وطن پارٹی کے یوم تاسیس کے شاندار اور کامیاب انعقاد پر پارٹی کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر کارکن پارٹی کا سرمایہ ہے اور پارٹی ان کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے۔9پشاور کے علاقہ فتو عبدالرحیم میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ورکروں عثمان غنی،نواب خان،کریم بخش ،مسعود خان،جعفر خان،وقار خان عباس،بختاج،حمید چچا،واحد خان،اسماعیل خان اور محمد رفیع نے دوست احباب سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اجتماع میں عوام کی کثیر تعداد کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،حاجی محمد شفیع،سیف اللہ ،ملک کامران اور اسرار خان بھی موجود تھے۔سکندر حیات خان شیر پا? نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے منشور میں پختونوں کی محرومیوں کا خاتمہ اور صوبے کی ترقی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔سینئر وزیر نے کہا کہ حکمرانوں کی طرف سے ماضی میں ملک اور خاص طور پر پختونوں کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی نہ اپنانے کے باعث آج عوام غریب سے غریب تر ہو گئے ہیں اور عوام کو کئی مسائل کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہر محاذ پر صوبے کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور فاٹا کے عوام کے بہتر مستقبل اور بجلی کے خالص منافع جیسے معاملات کو یہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں کوئی سستی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے کہا کہ و ہ 2018کے انتخابات سے پہلے پہلے فاٹاکو صوبہ خیبر پختونخوا کا حصہ بنائے تاکہ وہاں کے عوامی نمائندے کے پی اسمبلی کے فورم پر اپنے علاقوں کے عوام کے حقوق کے لئے آوازبلند کر سکیں۔