خبرنامہ خیبر پختونخوا

صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون جاری ہے، تناؤ نہیں، گورنر خیبر پختونخوا

اسلام آباد ( ملت آن لائن،اے پی پی) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام دوست اور متوازن ہے، پارلیمنٹ کی موجودگی میں پارلیمنٹ کے باہر مشترکہ اپوزیشن اسمبلی کیوں لگا رہی ہے، صرف سیاسی قد کاٹھ بڑھانے کے لئے ایسا کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان فاٹا اصلاحات کے حوالے سے 100 فیصد اتفاق رائے چاہتے ہیں۔ صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون جاری ہے، تناؤ پیدا کرنے کا موقع نہ انہوں نے دیا اور نہ میں نے دیا۔ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری کی گاڑی اور میری گاڑی کے حادثہ کی اطلاعات درست نہیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ وفاقی بجٹ متوازن اور عوام دوست ہے، اس میں تمام طبقات کو ریلیف دیا گیا ہے۔ اپوزیشن کو ایوان میں جا کر بجٹ بحث میں حصہ لینا اور اس حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں عوامی پارلیمنٹ لگانے کا جواز نہیں بنتا، ایسا سیاسی قد بڑھانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات فاٹا کے عوام کی رائے کے مطابق کی جائیں گی تاہم اصلاحات کے حوالے سے ہر چیز تیار ہے۔ وزیراعظم پاکستان فاٹا اصلاحات کے حوالے سے 100 فیصد اتفاق رائے چاہتے ہیں تاہم اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے رابطے جاری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کے ساتھ ہر قسم کا تعاون جاری ہے، اس سے قبل تناؤ پیدا کرنے کے لئے نہ میں نے موقع دیا اور نہ ہی صوبائی حکومت نے، ایک سال سے یہ تعلقات اچھے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری کی گاڑی کے ساتھ میرے قافلے یا میری گاڑی کا کسی جگہ پر کوئی حادثہ نہیں ہوا، ان کے الزامات بلا جواز ہیں۔