خبرنامہ خیبر پختونخوا

صوبائی وزیر آبپاشی کی زیر صدارت ورکرز ویلفےئر بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس

پشاور (ملت + آئی این پی) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپاؤکی زیر صدارت بدھ کے روز پشاور میں ورکرز ویلفےئر بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری محنت اور چےئرمین ورکرز ویلفےئر بورڈ خیام حسن، ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفےئر عادل شاہ اور بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں محنت کشوں کی بنیادی ضروریات ،ورکرز ویلفےئر بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں ، محنت کش طبقے کے بچوں کے تعلیمی وظائف، محنت کشوں کے فوتگی گرانٹس اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔اس موقع پر بورڈ کو فعال بنانے اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف تجاویز کو زیر غور لایا گیا جبکہ ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے متعدد فیصلے بھی کئے گئے۔اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی آگہی کیلئے ورکرزویلفےئر بورڈ کے ریکارڈ کو آن لائن کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ بورڈ کی کارکردگی کو زیادہ شفاف بنایا جائے۔ سینئر وزیر نے یقین دلایا کہ محنت کشوں اور ورکرز ویلفےئر بورڈ کو درپیش تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔سینئر وزیر نے ورکرز ویلفےئر بورڈ کے بعض ملازمین کی ہڑتالوں کا حوالہ دیتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ سکول ملازمین محنت کشوں کے بچوں اور طلباء کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے گریز کریں اور بچوں کا قیمتی وقت ضائع نہ کریں بلکہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائیں۔سینئر وزیر نے محکمہ محنت کے متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کی کہ وہ ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں کے ملازمین کی تنخواہوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔