خبرنامہ خیبر پختونخوا

طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی 75افراد جاں بحق

:(آئی این پی)خیبر پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری نے تباہی مچا دی۔ سیلاب کے باعث 100 سے زائد مکان ملیامیٹ ہو گئے۔ 50 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ چھتیں، دیواریں گرنے اور حادثات میں 63 افراد جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہو گئے۔ مالاکنڈ ڈویژن میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، دریا کے کنارے وقائع متعدد ہوٹل پانی میں بہہ گئے، تحصیل کبل میں سیلابی ریلے میں 2 خواتین بہہ گئیں۔ شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے راولپنڈی سے گلگت جانیوالی شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بند ہے اور سینکڑوں سیاح اور گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں۔ مانسہرہ کے قریب دریائے کنہار میں گلیشئر گرنے سے پانی کے بہائو میں رکاوٹ کے باعث جھیل بن گئی۔ شانگلہ میں 2 مکانات پر پہاڑی تودہ گرنے سے ساس، بہو، ایک بچہ جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے۔ کاغان، مالاکنڈ ایجنسی، مردان کے علاقے بخشالی اور چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں بارشوں کے باعث کچے مکانات کی چھتیں گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہو گئے۔ گلگت بلتستان میں 3 روز کی بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ دیامر میں شدید بارشوں سے متعدد مقامات پر مکانوں کی چھتیں گرنے سے 10 افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ آسمانی بجلی گرنے سے کوہستان میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ چلاس میں 4، شانگلہ 4، سوات میں 3، دیر، مالاکنڈ، چارسدہ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔ پشاور کے نواحی علاقے سربند میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔ درجنوں دکانیں اور کیبن سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ مینگورہ بائی پاس کو بچانے کیلئے پل کو بارود لگا کر تباہ کر دیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق بارشوں سے شانگلہ میں 40 سے زیادہ گھر جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے سوات کے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان لطیف الرحمن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سوات کے علاقے بحرین میں دریا میں طغیانی سے رابطہ پل بہہ جانے سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چترال کے علاقے گرم چشمہ میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ کوہستان کے مقامی حفیظ الرحمن نے بی بی سی کو بتایا کہ کندیا کا ایک شخص سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ کیال میں ایک، پٹن کے علاقے پالس میں آسمانی بجلی گرنے سے چار، جالکوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے چار، جالکوٹ میں مکان گرنے سے دو بہن بھائی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ علاقہ کندیا کو جانے والی سڑک سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے ہزاروں لوگ محصور ہو گئے۔ ہنزہ سے اسلام آباد آنے والے 4غیرملکی اور گاڑی کا ڈرائیور لاپتہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے آج تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ 6جاپانی سیاح کوہستان پٹن میں پھنس گئے‘ شانگلہ میں 21سیاح پھنس گئے۔ گلگت بلتستان میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، بارش کے باعث درجہ حرارت کم ہو کر 17 سینٹی گریڈ رہ گیا۔ الپوری سے نامہ نگار کے مطابق بارشوں سے 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 40سے زائد زخمی ہیں، سینکڑوں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ گلگت سے نامہ نگار کے مطابق ضلع دیامر میں 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ اے این این کے مطابق طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی۔ چلاس کے علاقے جیچن میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ ضلع غذر کے گائوں شیرقلف میں سیلابی ریلے کی زد میں آکر 15مکانات تباہ ہو گئے، 30 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ ضلع نگر میں بھی کئی مکانات منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ڈیزاسٹر منیجمنٹ سمیت متعلقہ محکموں اور اپنے کارکنوں کو متاثرین کیلئے خیمے اور اشیاء خورد و نوش پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ متعدد پن بجلی گھر بھی تباہ ہو گئے۔ بالاکوٹ کے گائوں پھاگل کاغان میں بھی گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ بٹگرام کے علاقے شملائے میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوئی۔ پشاور اور شیخان کے درمیان رابطہ پل زیر آب آ گیا۔ گرجتی برستی کالی گھٹائیں، چنگھاڑتا شور مچاتا پانی جہاں سے گزرا، تباہی مچا گیا، پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ قیامت خیز ریلے سے بٹہ تل کے مقام پر رابطہ پل بری طرح متاثر ہوا۔ مالم جبہ میں سب سے زیادہ 115ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور کے کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ ترجمان خیبر پی کے حکومت مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ حتمی رپورٹ سامنے آنے پر متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کی جائے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صوبائی حکومت کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف نے خیبر پی کے اورگلگت بلتستان میں بارش اور سیلاب کے باعث پیش آنے والے حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے اور متعلقہ محکموں کو متاثرہ علاقوں میں امداد اور بچائو کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے متاثرہ افراد کو اشیاء خوردونوش، پناہ اور دوسری سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا (پی ڈی ایم اے) نے طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں خیمے اور کمبل سمیت ضروری سامان روانہ کردیا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں بارشوں نے شدید تباہی مچائی ہے اور بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونیوالے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوہ کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے۔ صدر ممنون حسین نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی ارواح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے خیبر پی کے میں بارش سے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جماعت اسلامی و الخدمت فائونڈیشن کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کے لئے ریلیف کا کام شرع کر دیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے طوفانی بارشوں اور سیلاب سے آنے والی تباہی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔