خبرنامہ خیبر پختونخوا

طیارہ حادثہ؛ جاں بحق ڈپٹی کمشنر چترال انسان تھے

ایبٹ آباد:(ملت+اے پی پی) طیارہ حادثے میں ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ بھی اہلیہ اور کم سن بیٹی سمیت جاں بحق ہوئے۔ اسامہ وڑائچ اسلام آباد امدادی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کے لیے جارہے تھے۔ پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ کا تعلق پنجاب کے علاقے وزیر آباد سے تھاتاہم انہوں نے اپنی مدت ملازمت کے دوران زیادہ خدمات خیبرپختونخوا میں انجام دیں ۔ اسامہ احمد وڑائچ پاکستان ایڈمنسٹریٹرسروس کاحصہ تھے۔اسامہ وڑائچ نے بحیثیت اے سی او صوابی اور بعد میں اے سی ایبٹ آباد بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر ان کو 2014میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور تعینات کیاگیا۔ اسامہ وڑائچ نے پشاورمیں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی قیادت کی اوران تجاوزات کے خاتمے میں فعال کرداراداکیا۔ گریڈ اٹھارہ میں ترقی ملنے کے بعد ان کو اکتوبر 2015میں ڈپٹی کمشنر چترال تعینات کیا گیا۔ چترال میں گزشتہ سال اکتوبر کے ہولناک زلزلے میں انہوں نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کی سربراہی کی اور 24گھنٹے کے اندر زلزلے کے باعث اپرچترال اور لوئرچترال کے درمیان منقطع ہونے والے زمینی رابطے کو بحال کرایا۔ خیبرپختونخواکےافسران کے مطابق اسامہ،قابل اور محنتی آفیسر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک شفیق انسان بھی تھے۔