خبرنامہ خیبر پختونخوا

طیارہ حادثہ؛ 4 کو سپرد خاک کر دیا گیا

حویلیاں: (ملت+اے پی پی) طیارہ حادثہ میں جاں بحق 8 افراد کی شناخت ہو گئی ، چار کو سپرد خاک کر دیا گیا ، طیارہ حادثے میں جاں بحق 39 خاندانوں کو میتوں کے ڈی این اے کا انتظار ہے ، جنید جمشید کے بھائی سمیت تیس لواحقین کے بلڈ سیمپل لے لئے گئے ۔ حویلیاں طیارہ حادثے میں جاں بحق 39 خاندانوں کا غم ابھی کم نہیں ہوا ، میتیں ملیں گی تو قرار آئے گا ، لواحقین پر اک اک پل بھاری گذر رہا ہے ، انتظار کی گھڑیاں ہیں کہ ختم ہی نہیں ہو رہیں ، 39 لاشوں کی تمام تر کوشش کے باوجود شناخت نہ ہو سکی ۔ ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے جنید جمشید کے بھائی سمیت تیس لواحقین کے بلڈ سیمپل لئے گئے ۔ نمونے لینے کے بعد متیوں کو روات کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ۔ جن میتوں کی ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ موصول ہو جائے گی ان کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا ۔ فضائی حادثے میں جاں بحق 8 افراد کی شناخت ہوگئی ، چار کی تدفین کر دی گئی ، شناخت ہونے والوں میں 5 مسافر ، ایک ایئر ہوسٹس اور دو گارڈ شامل ہیں ۔ ڈی سی چترال اسامہ وڑائچ ، اہلیہ مہرین اور بیٹی ماہ رُخ کواسلام آباد کی ایچ الیون قبرستان میں سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ ایئرہوسٹس اسما عادل کی شناخت کانوں میں پہنی بالیوں سے ہوئی ، ان کی تدفین ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کی رہائش گاہ کے قریب قبرستان میں کی گئی ۔ ایئر کمانڈوز احسن غفار اور سمیع اللہ کی نمازجنازہ اےایس ایف کوارٹرز میں ادا کی گئی ۔ چترال کے محمد نواز اور حاجی تکبیر کی میتیں ورثا کے سپرد کر دی گئیں ۔