خبرنامہ خیبر پختونخوا

عاصمہ رانی قتل کیس، متاثرہ فیملی نے مقدمہ پشاور منتقل کرنے کی درخواست کر دی

عاصمہ رانی

عاصمہ رانی قتل کیس، متاثرہ فیملی نے مقدمہ پشاور منتقل کرنے کی درخواست کر دی

پشاور (ملت آن لائن) مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ کوہاٹ میں قتل ہونیوالی میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے خاندان کو اپنی جان بچانے کے لالے پڑ گئے ہیں۔ متاثرہ فیملی کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، جس کے بعد متاثرہ فیملی کی طرف سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انہیں مرکزی ملزم کے رشتہ داروں کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں لہٰذا مقدمہ پشاور منتقل کیاجائے۔ مقتولہ عاصمہ رانی کے بھائی محمدعرفان کیجانب سے دائر کردہ درخواست کے مطابق کیس میں پکڑے گئے ملزم شاہ زیب کی ضمانت کی درخواست کی سماعت بھی پشاور منتقل کی جائے کیونکہ وہ کوہاٹ میں مقدمے کی پیروی کرنے سے قاصر ہیں۔
یادرہے کہ عاصمہ کی فیملی کوہاٹ میں مقیم ہے اور بتایاکہ ملزم فیملی کا مقامی سطح پر سیاسی اثر ورسوخ ہے جو مقدمے پر بھی اثرانداز ہوسکتا ہے ۔متاثرین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملزمان کے اثرورسوخ کی وجہ سے مقامی سطح پر کوئی وکیل ان کا مقدمہ لڑنے کو بھی تیار نہیں ۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے درخواست کی سماعت کی اور ملزم پارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے ایک ہفتے میں مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔ متاثرہ فیملی کے وکیل غلام محی الدین ملک اور فاروق ملک نے عدالت کو بتایاکہ عاصمہ کی فیملی اور وکلاء کو بھی دھمکیوں کا سامنا ہے اور وہ سیشن کورٹ میں مقدمہ کی پیروی سے قاصر ہیں، انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ مقدمہ کو پشاورہائیکورٹ منتقل کیا جائے۔
یادرہے کہ عاصمہ رانی ایبٹ آباد میں میڈیکل کی طالبہ تھی جو کوہاٹ میں اپنے گھر گئی جہاں پر اسے گولیاں مار دی گئیں اور ملزم مجاہداللہ آفریدی بیرون ملک فرار ہوگیا۔ عاصمہ رانی نے آفریدی کیساتھ شادی کرنے کی تجویز رد کردی تھی ۔ خیبرپختونخوا پولیس نے ریڈ وارنٹ جاری کرتے ہوئے انٹرپول کو ایک خط لکھ دیا جس کے بعد انٹرپول نے اسے سب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کردیا لیکن تاحال ملزم قانون کی گرفت میں نہیں آسکا۔ پولیس نے کوہاٹ کی عاصمہ رانی قتل کیس کے مرکزی ملزم مجاہد اللہ آفریدی کے قریبی دوست شاہ زیب کو گرفتار کر لیا، زیر حراست ملزم نے واردات کے بعد مجاہد اللہ کو فرار ہونے میں مدد فراہم کی۔ پولیس حکام کے مطابق، مددگار شاہ زیب مقتولہ کی ریکی بھی کرتا رہا۔ ملزم مجاہد اللہ آفریدی جو فرار ہو کر سعودی عرب چلا گیا ہے اس کی گرفتاری کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کر کے انٹر پول سے رابطہ کر لیا ہے۔ کوہاٹ کی عاصمہ رانی خود تو مسیحائی اور دکھی انسانیت کا جذبہ لئے منوں مٹی تلے جا سوئی لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے کئی سوال چھوڑ گئی۔