خبرنامہ خیبر پختونخوا

عمران خان اوران کے حواری بغل میں چھری اورمنہ میں رام رام کے مصداق ہیں،امیرمقام

پشاور (ملت + اے پی پی )وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آج خان عبدالقیوم خان کی برسی کے موقع پرعمران خان کے نوازشریف پرالزامات اورخیبرپختونخواحکومت کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے، عمران خان اوران کے حواری بغل میں چھری اورمنہ میں رام رام کے مصداق ہیں جسکی وجہ سے وہ عوام کی نظروں میں گرگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)عوام کی عملی خدمت پریقین رکھتی ہے اورملک کودرپیش بڑے بڑے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے نوازشریف کی قیاد ت میں پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوابی میں زیدہ اورکنڈسمیت کئی دیگرعلاقوں کوسوئی گیس اوربجلی کی فراہمی کے منصوبے منظورکئے جارہے ہیں جن کاانشاء اللہ جلدافتتاح کروں گا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ممبرصوبائی اسمبلی شیرازخان اورسجاد مرغز کی قیادت میں صوابی کے ایک وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسجاد مرغز نے اپنے علاقے کے گیس اوربجلی کے مسائل سے وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام کوآگاہ کیا تاہم انجینئرامیر مقام نے متعلقہ افسران کومسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کیلئے احکامات جاری کیں۔اسی طرح پشاور،نوشہرہ اورمردان سمیت دیگر کئی اضلاع کی وفودنے وزیراعظم کے مشیرسے ملاقات کی۔انجینئرامیرمقام نے کہاکہ خان عبدالقیوم خان کی برسی میں انشاء اللہ اہم انکشافات کرینگے۔