خبرنامہ خیبر پختونخوا

عمران خان بزدلی کا مظاہرہ نہ کریں،ضیاء اللہ آفریدی

عمران خان بزدلی کا مظاہرہ نہ کریں،ضیاء اللہ آفریدی
پشاور:(ملت آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیر ضیاء اللہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ان پر الزام ثابت ہوئے بغیر ہی تحریک انصاف سے نکال دیا گیا جبکہ جہانگیر ترین پر الزامات ثابت ہو چکے ہیں، لہذا انہیں بھی پارٹی سے نکال دیا جانا چاہیے۔ پشاور میں شمولیتی جلسے سے خطاب میں ضیاء اللہ آفریدی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور عمران خان کی سیاست جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘مجھ پر الزام ثابت نہیں ہوا پھر بھی پارٹی سے نکال دیا گیا، جہانگیر ترین پر الزامات ثابت ہوچکے ہیں، لہذا عمران خان بزدلی کا مظاہرہ نہ کریں اور جہانگیر ترین کو پارٹی سے نکال باہر کریں’۔ ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ باچا خان کے دعویداروں نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پییلز پارٹی کی مقبولیت نے مخالفین نے نیندیں حرام کر دی ہیں۔ ضیاء اللہ آفریدی، تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت میں وزیر معدنیات رہے، 2 سال قبل صوبائی احتساب بیورو نے ضیاء اللہ آفریدی کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی بدعنوانی کے الزامات کی بنیاد پر گرفتار کیا تھا جس پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ نئے پاکستان کے سفر میں جہانگیر ترین ہمیشہ شانہ بشانہ رہینگے، عمران خان دوسری جانب رواں ماہ 15 دسمبر کو سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جہانگیر ترین کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد انہوں نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ‘وہ عمران خان کے ساتھ پارٹی ورکر کے طور پر کام کرتے رہیں گے’۔