خبرنامہ خیبر پختونخوا

عمران خان عوام کو ڈھال بنا کر خود اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں: امیر حیدر

تخت بھائی (ملت + آئی این پی)سابق وزیر اعلیٰ اور عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخواہ کے صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے عمران خان عوام کو ڈھال بنا کر خود اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں، عمران ٹولہ پختونو ں کی مدد سے لاہور اور اسلام آباد پر قبضہ جمانے کے خواب دیکھ کر حقیقت سے پہلو تہی کر رہا ہے،عمران یوم جشن منانے کی بجائے یوم ندامت اور یوم شرمندگی مناتے۔ پختون قوم وقت آنے پر ان سے پائی پائی کا حساب لے کر دم لے گی۔ اے این پی کے رہنما ?ں نے کارکنوں کے شانہ بشانہ مسلسل قربانیاں دے کر عظیم مثال قائم کر کے جمہوریت کو پروان چڑھا یا۔ دہشت گردی کے خلاف آخری دم تک لڑینگے۔اے این پی کی بڑھتی ہوئی قوت سے گھبرا کر مخالفین منفی پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔ آئندہ عام انتخابات سے پہلے فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں شامل کر کے قبائلی بھائیوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ وہ اتوار کویو سی مدے بابا کے علاقے غریب آباد (فضل آباد) حجرہ انسپکٹر مختیار علی (مرحوم) میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ جس سے اے این پی کے ضلع جنرل سیکرٹری حاجی لطیف الرحمان اور مرکزی کونسل کے رکن فاروق اکرم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پراے این پی ضلع مردان کے سالار ملک امان خان، ملگر تنظیموں کے ضلعی کوارڈینیٹر میاں طاہر ایڈوکیٹ، ڈسٹرکٹ کونسل مردان کے اراکین جواد خان ٹکر، کمال خان، تحصیل کونسلرز ذولفقار علی بھٹو، مقصود خان ایڈوکیٹ، مرکزی کونسل کے رکن لال شرف خان ایڈوکیٹ، حاجی عبد الحلیم صافی، ناصر خان خٹک، عطاء4 الرحمان، امبر خان خٹک،عرفان علی، اسد علی، اصغر علی، آصف علی،جواد علی، عبد اللہ، حاجی فرمان الحق اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر پرنسپل انور خان، عباس خان، جاوید خان، شیرزادہ خان، اسماعیل خان، محمد خان، ناصر خان، جمال شاہ، حاجی رفیق اور دیگر نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ صوبے کی تعمیر و ترقی اور پختون قوم کے مفاد کے لیے بڑے بڑے منصوبے سر انجام دئیے ہیں۔ چین نے پسماندگی دور کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر سی پیک منصوبہ شروع کیا ہے۔لیکن بعض پختون دشمن قوتیں منصوبے کا اصل مغربی روٹ نظر انداز کر کے صوبے کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔جس کے خلاف اے این پی ہر ممکن اقدام اٹھاے گی اور مغربی روٹ کی بجائے متبادل روٹ ہر گز برداشت نہیں کرینگے۔انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری کے بغیر آئندہ عام انتخابات کا انعقاد مشکوک نظر آرہا ہے۔جبکہ این ایف سی ایوارڈ سے بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ عمران اور نواز شریف کی جنگ صرف وزارت عظمیٰ کے لیے ہے۔عمران خان دھرنوں اور ضمنی الیکشن میں مسلسل ناکامی سے حواس باختہ ہو چکے ہیں اور عوام کو میدان میں اتار کر خود تماشہ دیکھ رہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی نے جمہوریت کی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی جانوں کے نذرانے دے کر پختون قوم کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا اے این پی کا آغاز سے ہی پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا موقف رہا ہے تاکہ جرم ثابت ہونے پر مجرموں کے خلاف موثر کاروائی ہو سکے۔ اے این پی کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انشاء اللہ 2018ء کے عام انتخابات میں کامیابی کی بعد اے این پی پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات جیسے بجلی ، گیس اور پانی کی فراہمی یقینی بنا کر پختون دوستی کا ثبوت دیگی۔ اے این پی صوبے کے عوام کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے چاروں طرف تعمیر و ترقی کی راہیں کھولے گی۔اس موقع پر انہوں نے شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیا پہنا کر مبارکباد دی۔ جبکہ ان کے گھروں پر پارٹی پرچم لہرائیں۔