خبرنامہ خیبر پختونخوا

عمران خان نے مالم جبہ چیئر لفٹ کا افتتاح کر دیا

سوات (آئی اےن پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت سیاحت اور ماحولیات کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ ہمارے صوبے میں سیاحت کی ترقی کے بے پنا ہ مواقع موجود ہیں انہوں نے کہا کہ مالم جبہ ، کالام ، کاغان اور دیگر اہم سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے گلیات ترقیاتی ادارہ کی طرز پر با اختیار اتھارٹیز قائم کی جائیں گی تاکہ وہاں پر مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی سہولت کیلئے عالمی معیار کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا سکیں ۔وہ جمعرات کے روز مالم جبہ چیئر لفٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے علاوہ صوبائی وزراءمحمود خان، مظفرسید،وزیراعلیٰ کے مشیرمشتاق احمد غنی ، وزیراعلیٰ کے معاونین خصوصی عبد المنعم خان، ڈاکٹر امجد، محب اﷲ خان ، ایم این اے سلیم خان اور ایم پی ایز شوکت علی یوسفزئی، فضل حکیم خان، عزیز اﷲ گران اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سال صوبے میں سیاحت کی ترقی پر دو ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ مجموعی طور پر دس سیاحتی مقامات کو ترقی دی جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ سیاحت کی ترقی درختوں اور جنگلات کے بغیر ناممکن ہے اسلئے صوبائی حکومت ملک کی تاریخ میں پہلی بار صرف پانچ سال میں ایک ارب پودے لگا رہی ہے جبکہ قیام پاکستان کے بعد اب تک صرف64کروڑ پودے لگائے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ درختوں کی کثرت کی وجہ سے ماحولیات پر خوشگوار اثرپڑتا ہے، سیلابوں کی روک تھام میںمعاون ہوتے ہیں، گلشیئرپگھلنے کا عمل سست پڑ جاتا ہے اور سیاحت کی ترقی میں بھر پور مدد ملتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مالم جبہ روڈ کی تعمیر میں گھپلے کرنے پر کنسلٹنٹ بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ٹھیکیدار کے بارے میں15 دن میں فیصلہ کیا جائے گا کہ اُس کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا جائے یا کام کا پابند بنایا جائے انہوں نے یقین دلایا کہ مالم جبہ پراجیکٹ کو بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں فوری طور پر پیسکو کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا اور بجلی کی فراہمی جلدازجلد یقینی بنائی جائے گی انہوں نے کہاکہ کالام اور شندور فیسٹیول کی طرح مالم جبہ سنو فیسٹیول کو بھی سالانہ فیسٹیول بنایا جائے گا تاکہ ملکی اور غیر ملکی کروڑوں سیاحوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر قانون سازی کا بھی ذکر کیا اور صوبائی محکموںبشمول، تعلیم ، صحت ، پولیس میں اصلاحات کو بھی حکومت کے انقلابی اقدامات قرار دیا۔اس موقع پر عمران خان نے بھی خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پختونخوا میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت ان کو ترقی دے کر نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرے گی ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے تختی کی نقاب کشائی کرکے چیئر لفٹ کا باضابطہ افتتاح کیا اور دیار کے پودے بھی لگائے ۔