خبرنامہ خیبر پختونخوا

عمران خان پشاور میں چوہوں کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک پہنچائیں:سینیٹر حافظ حمد اﷲ

اسلام آباد (آئی این پی)جمعیت علماء اسلام کے رہنما سینیٹر حافظ حمد اﷲ نے کہا ہے کہ عمران خان پشاور میں چوہوں کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک پہنچائیں‘ پاکستان کی تاریخ میں پہلا ڈرامہ ہے کہ ایک آدمی نہ صدر ہے نہ وزیراعظم لیکن قوم سے خطاب کررہا ہے‘ ایک دن وزیراعظم بن کر پاکستان کے انیل کپور بن گئے ہیں‘ پانامہ لیکس ہو یا سوئس سکینڈل سب چلے ہوئے کارتوس ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پشاور میں چوہوں کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے بلیاں ناراض ہیں کہ بنی گالہ کے باہر آکر دھرنا دیں گی۔ عمران خان نے پہلے بھی طویل دھرنے دیئے اور پارلیمنٹ کو جعلی کہا اور پھر آکر پارلیمنٹ میں بیٹھ گئے۔ پانامہ لیکس ہو یا دیگر یہ سب سیاسی پٹاخے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاریخ کا پہلا ڈرامہ ہے کہ ایک آدمی صدر ہے نہ وزیراعظم ہے لیکن قوم سے خطاب کررہا ہے۔ پانامہ لیکس ہو یا سوئس سکینڈل یہ سب چلے ہوئے کارتوس ہیں ان کی کوئی اہمیت نہیں۔ عمران خان کا وہی حال ہے جو بھارتی فلم میں انیل کپور ایک دن کے وزیراعلیٰ بنے تھے عمران خان ایک دن کے وزیراعظم بنے ہیں اور پاکستان کے انیل کپور بن گئے ہیں۔ (ن غ/ و خ)