خبرنامہ خیبر پختونخوا

عنایت اللہ نے لکی مروت میں سدرن ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت 14کروڑ روپے مالیت کے 27ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کر دیا

پشاور (ملت آن لائن + آئی این پی) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے ہفتے کے روز ضلع لکی مروت میں سدرن ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت 14کروڑ روپے مالیت کے 27ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کیا ۔ مذکورہ منصوبوں میں روڈز کی پختگی ، واٹر سپلائی سکیم ، گلیوں اور نالیوں کی پختگی کے منصوبے شامل ہیں ۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع کی پسماندگی ختم ہونے میں کافی مدد ملے گی اور یہ علاقہ بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔ اس موقع پر سدرن ایریا ڈویلپمنٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر غلام حبیب اور جماعت اسلامی کے نائب امیر عزیز اللہ خان بھی موجود تھے ۔ منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عنایت اللہ نے کہا کہ سدرن ایریا پراجیکٹ نے اے ڈی پی کے تحت ضلع لکی مروت میں جدید طرزکا ایک سمارٹ سکول بنایا ہے جس پر تقریبا ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے ، سکول میں مکمل طور پر سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے ، تمام کلاس رومز میں ائرکنڈیشنرز لگے ہوئے ہیں ، اس کے علاوہ ایک جدید سائنس لیبارٹری بھی بنائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن فری بنانا جماعت اسلامی اور موجودہ صوبائی حکومت کے ترجیحات ہیں اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں محکمہ مال ، پولیس او ر لوکل گورنمنٹ سمیت مختلف محکموں میں کافی بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری اور خدمت کے جذبے سے سر شار جماعت ہے اور پلڈاٹ رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان میں سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے جبکہ آغاز خان ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سروے کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن خدمت کا سب سے بڑا ادارہ ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پچھلے حکومتوں میں ضلع لکی مروت کو ہر لحاظ سے پسماندہ رکھا گیا ہے لیکن موجودہ حکومت نے ضلع لکی مروت کو دوسرے ترقیافتہ علاقوں کے برابر لانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس ضمن میں سدرن ایریاپراجیکٹ کے مدت میں دو سال کی مزید توسیع کی جار ہی ہے اور اس پراجیکٹ کے تحت ان دو سالوں میں دو ارب روپے سے زائدرقم ترقیاتی منصوبوں کے مدمیں خرچ ہوگی ۔