خبرنامہ خیبر پختونخوا

عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں: عبدالواسع

پشاور(ملت + آئی این پی) جنر ل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع نے کہا ہے کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،ہم پاکستان کو مدینہ کی اسلامی فلاحی ریاست کا نمونہ بنائیں گے ۔ سیکولر ازم اور لبر ل ازم بدبودار اور شیطانی نظام ہے پاکستان اسلام کے لیے بنا ہے اور اس میں اسلامی نظام ہی نافذ کریں گے ۔ جماعت اسلامی کے کارکنان کروڑوں انسانوں تک گھر گھر جا کر اسلامی انقلابی دعوت پہنچانے کا عزم کریں ۔ اجتماع عام میں 2018 کے عام انتخابات کے لیے روڈ میپ دیں گے ۔آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی صوبے کی سب سے بڑی سیاست قوت ہوگی ۔ اجتماع عام کی تیاریاں جاری ہیں اور لاکھوں افراد اجتماع عام میں شریک ہوں گے ۔ وہ مرکز اسلامی پشاور میں اجتماع عام کے قائم میڈیا کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس سے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال نے بھی خطاب کیاجب کہ رشید صدیقی ، تفہیم الرحمان ، نورالواحد جدون ، جماعت علی شاہ ، یوسف خان اور دیگر نے شرکت کی ۔ جنر ل سیکرٹری عبدالواسع نے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع اور قبائیلی خطے سے عوام شریک ہوں گے اور علماء کرام ، خواتین ، نوجوانوں اور اقلیتوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ تکمیل پاکستان اور اسلامی پاکستان کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کے کارکنا ن کی قربانیاں لا زوال ہیں اور ان جیسے انقلابی اور مخلص کارکن پاکستان کی کسی دوسری مذہبی اور سیاسی جماعت میں نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اس ملک میں واحد جماعت ہے جو نظریہ پاکستان کی عملی جدوجہد کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوااور فاٹا کے طول و عرض میں اجتماع عام کی کامیاب مہم جاری ہے کامیاب اور بھرپور اجتماع سے اپنی تنظیمی صلاحیت کو ثابت کریں گے۔ترقی یافتہ پرامن پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔