خبرنامہ خیبر پختونخوا

عوام نے عدالتی فیصلہ نہیں نواز شریف کا بیانیہ تسلیم کیا، فضل الرحمان

عوام نے عدالتی فیصلہ نہیں نواز شریف کا بیانیہ تسلیم کیا، فضل الرحمان

پشاور؛(ملت آن لائن)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اور عدالت کے فیصلہ کو نہیں مانا۔ رحیم یار خان میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مذہب بیزار اور لبرل طبقے کو میں نے مذہب اور مذہبی نظام کے خلاف انتہا پسند پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں ہم دینی مدارس اور اُن کے طلبا کو قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، تو میں ان سے کہتا ہوں کہ آپ ہمارے لیے فکر مند نہ رہیں، ہم قومی دھارے کا حصہ ہیں بلکہ ان سے کہتا ہوں کہ آپ لوگ اسلامی دھارے میں آجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ساری دنیا میں قتل عام کر رہا ہے اور مسلمانوں کا ہی قتل عام کرکے امن کی بات کر رہا ہے۔ جے یو آئی سربراہ کا کہنا ہے کہ عوام نے جس بے لاگ انداز سے نواز شریف کے بیانے کو تسلیم کیا ہے، میں سمجھتا ہوں عوامی لہر نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اور عدالت کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین میں صرف آرٹیکل 62 اور 63 نہیں بلکہ قران اور سنت بھی ہے، ادارے استعمال ہوتے رہتے ہیں لیکن عوام بھی تو فیصلے کرتے ہیں۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سینیٹ الیکشن نہیں ہوں گے لیکن انتخابات وقت پر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے جبکہ انتخابات کو شفاف بنانا اور ہارس ٹریڈنگ روکنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ عمران خان سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اہمیت نہیں دیتا کیوں کہ وہ پاکستان کا غیر ضروری سیاسی عنصر ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کا سہارا لے کر کسی کو چور، تو کسی کو نااہل نہیں کہنا چاہیے۔