خبرنامہ خیبر پختونخوا

عوام کے مقامی سطح پرمسائل حل کئے جائیں ‘عنایت اللہ

پشاور: ( اے پی پی) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے چارسدہ کے ضلعی محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو مقامی سطح پر زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں کیونکہ صوبائی حکومت نے نئے بلدیاتی نظام کے تحت صحت ، تعلیم ، زراعت ، آبنوشی اور دیگر شعبوں کے لئے فنڈز نچلی سطح پر منتقل کر دئیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈی سی آفس چارسدہ میں نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈی سی چارسدہ طاہر ظفر عباسی ، نائب ناظم مصور شاہ ، ضلعی امیر مصباح اﷲ کے علاوہ ضلعی اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی ۔سینئر صوبائی وزیر نے نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے نظام کی تبدیلی اور اصلاح کے لئے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور تمام اداروں کو بہتر نظام اورعمدہ پالیسی دی ہے ۔ انہوں نے لوڈ شیڈنگ کے بارے میں بتایا کہ جن علاقوں بجلی کی مد میں ریکوری تسلی بخش ہے ۔ اصولاً وہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے موقع پر موجود واپڈا کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں عوام کی شکایت کا ازالہ کریں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ ضلعی افسران کے ساتھ ساتھ ضلعی ، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ناظمین اور کونسلرزحضرات کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اب عوام کی توقعات پر پورا اتریں اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں تاکہ عوام بلدیاتی نظام کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں اور ایک مربوط بلدیاتی نظام کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا ئے ۔