خبرنامہ خیبر پختونخوا

فاٹایونیورسٹی کی سال2018-19کے بجٹ کی منظوری بھی دیدی گئی

پشاور-گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ ملک کی تعمیروترقی میں تعلیم خصوصاً اعلی تعلیم کاکردار نہایت اہمیت کاحامل ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو گورنرہاؤس پشاور میں فاٹایونیورسٹی کے پہلے سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں فاٹایونیورسٹی کیلئے مالی سال2017-18اورسال2018-19کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمدطاہرشاہ،پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرمنیراعظم، سیکرٹری فنانس فاٹا ، ہائرایجوکیشن کمیشن کے نمائندوں اور سینٹ کے دیگر متعلقہ اراکین نے شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس کو یونیورسٹی کی کارکردگی ،بجٹ اور یونیورسٹی کے انفراسٹرکچرکے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔گورنراقبال ظفرجھگڑا نے یونیورسٹی کے انفراسٹرکچرکی تعمیرمیں شفافیت کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ تعمیراتی کام میں معیارکا خاص خیال رکھاجائے۔ انہوں نے اعلی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹیوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ معیاری تحقیقی تعلیمی سرگرمیوں پرتوجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔