خبرنامہ خیبر پختونخوا

فاٹا اصلاحات کے نتیجے میں اکثریت نے فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کی تجویز کی حمایت کی: اقبال ظفر

پشاور(ملت + آئی این پی)گورنرخیبرپختونخواانجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ فاٹا اصلاحات کے نتیجے میں اکثریت نے فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کی تجویز کی حمایت کی ہے اورفاٹا اصلاحات بتدریج لاگوں ہوگی جبکہ ٹی ڈی پیز کی واپسی رواں سال کے آخر تک مکمل ہوجائیگی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاوس پشاورمیں بدھ کے روز نیشنل مینجمنٹ کالج کی20 ویں سینئر مینجمنٹ ونگ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر شرکا کوفاٹا سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شرکا کے مختلف سوالات کاجواب دیتے ہوئے گورنرنے کہا کہ فاٹامیں اصلاحات کیلئے وزیراعظم محمدنوازشریف کی ہدایت پرفاٹا کی تمام ایجنسیوں میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کی گئی اوران کی آرا کاجائزہ لیاگیا جس کے نتیجے میں اکثریت نے فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے ایک فعال میکنزم بنایاگیاہے تاکہ تمام ایجنسیوں میں ترقیاتی منصوبوں کے اعلی معیار کوبرقرار رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں ان کی تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔