خبرنامہ خیبر پختونخوا

فاٹا میں ٹی بی کے مریضوں کا مفت علاج جاری ہے ٗ ترجمان محکمہ صحت فاٹا

پشاور:( اے پی پی )فاٹا میں ٹی بی کے مریضوں کا مفت علاج جاری ہے اور علاج کے لئے جاری کردہ فنڈز وفاقی حکومت کو واپس نہیں کیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ صحت فاٹا نے ایک مقامی روزنامہ میں شائع شدہ بیان کی تردید کی ہے جس میں ٹی بی کنٹرول پروگرام کے بارے میں من گھڑت الزامات لگائے گئے تھے ۔ ترجمان کے مطابق فاٹا میں ٹی بی کے تشخیص شدہ تمام مریضوں کو مفت علاج مہیا کیا جاتا ہے جن کی تعداد تقریباً 4 ہزار سالانہ ہے اور 2003ء سے 2015ء تک کل 51870 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا ہے جس کے لئے فنڈز فاٹا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام اور وفاقی حکومت کی طرف سے مہیا کئے گئے ہیں اور فاٹا میں ٹی بی کے مریضوں کے مفت علاج کا سلسلہ جاری ہے ۔